سوال: حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کل کتنے حج ادا کئے؟
جواب: ہجرت کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صرف ایک حج 10ھ میں ادا فرمایا اسی کو حجۃ الوداع کہا جاتا ہے جبکہ ہجرت سے پہلے حج کرنے کے بارے میں درج ذیل آرا ہیں:
1۔ حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت سے پہلے دو حج ادا فرمائے۔
(ترمذی، السنن، کتاب الحج، باب ماجاء کم حج النبی صلی الله عليه وآله وسلم، 3: 178-179، رقم: 815)
2۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہماسے منقول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت سے پہلے تین حج ادا فرمائے۔ یاد رہے یہ وفودِ انصار کی ملاقات کے حوالے سے ہے یہی وجہ ہے کہ امام قسطلانی نے اس قول کے بعد کہا:
وَهَذَا لَا يَقْتَضِي نَفْيَ الْحَجِّ قَبْلَ ذَلِکَ.
’’یہ بات اس سے پہلے ادائیگی حج کے منافی نہیں۔‘‘
امام زرقانی رقمطراز ہیں:
فَهَذَا بَعْدَ النُّبُوَّةِ وَقَبْلَهَا لَا يَعْلَمُهَا إِلَّا الله.
(شرح زرقانی، 11: 328)
’’یہ تو اعلانِ نبوت کے بعد کی بات ہے۔ رہا معاملہ بعثت سے پہلے کا تو اسے اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے۔‘‘
3۔ امام حاکم نے صحیح سند کے ساتھ حضرت سفیان ثوری سے نقل کیا ہے:
حَجَّ النَّبِيُ صلی الله عليه وآله وسلم قَبْلَ اَنْ يُهَاجِرَ حججاً.
(حاکم، المستدرک علی الصحيحين، 3: 57)
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت سے پہلے متعدد حج ادا فرمائے۔
4۔ امام ابن جوزی کا قول ہے:
حَجَّ قَبْلَ أَنْ يُهَاجِرَ حِجَجًا لَا يُعْلَمُ عَدَدُهَا.
(مرقاة المفاتيح، 5: 263)
’’ہجرت سے قبل آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو حج ادا فرمائے ان کی تعداد معلوم نہیں۔‘‘
5۔ حافظ ابن اثیر فرماتے ہیں:
يَحُجُّ کُلَّ سَنَةٍ قَبْلَ اَنْ يُهَاجِرَ.
(ملا علی قاری، مرقاة المفاتيح، 5: 263)
’’حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت سے پہلے ہر سال حج ادا فرمایا۔‘‘