سوال: عازم حج کی ساتھ لے جانے والے کم از کم سامان کی فہرست کیا ہونی چاہئے؟

677
0
Share:

جواب: حج کے لئے ایک فرد کے حساب سے ساتھ لے جانے والے کم از کم سامان کی فہرست درج ذیل ہے:

ایک ریکسین یا چمڑے کا سوٹ کیس اور ایک دستی بیگ۔
دستی بیگ اگر ایسا ہو کہ کندھے کے پیچھے اٹھایا جا سکے (جسے back pack کہتے ہیں) تو چلنے میںہاتھ خالی ہونے کی وجہ سے آسانی ہوتی ہے۔
کوشش کریں کہ ہر فرد کا اپنا اپنا بیگ اور سوٹ کیس ہو کیونکہ ایک بیگ میں دو یا زیادہ افراد کا سامان رکھنے سے رہائش الگ ہونے کی صورت میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔
موسم کی مناسبت سے کم از کم 9 جوڑے رکھیں (کیونکہ مصروفیت اور مشترکہ غسل خانوں کی وجہ سے بار بار دھونا مشکل ہوتا ہے)۔
خواتین 3 جوڑے کاٹن، 3 جارجٹ اور 3 لان کے جوڑے رکھ لیں (گرمیوں میں) یا تین لینن کے (سردیوں میں)۔
بغیر آستین کا یا بازو والا سویٹر اور ہلکی گرم چادر (فجر کے وقت مکہ مکرمہ میں بھی ضرورت پڑتی ہے اور مدینہ منورہ میں بھی)۔
2/3 گاؤن اور سکارف (احرام کے دوران بھی تبدیل کرنے کی ضرورت پڑتی ہے اور ایسا کرنا جائز ہے)۔
مناسب تعداد میں بنیان اور جانگیہ (Under Garments)۔
مردوں کے لئے احرام کے دو سیٹ یعنی چار عدد چادریں ایک کاٹن اور دوسرا تولیے کا، سرد موسم میں تولیئے کا احرام بہتر رہے گا۔
احرام کے تہبند پر باندھنے کے لئے جیب والا بیلٹ۔
خواتین کے لئے بند جوتا، کھلی چپل، جرابیں (احرام میں بند جوتا اور جرابیں پہننا منع نہیں ہے)۔
مردوں کے لئے احرام کی حالت میں پہننے کے لئے ایسا جوتا جس میں وسط قدم کی ہڈی کھلی رہے (چپل، سینڈل، مکیشن کا کوئی سٹائل)۔
مردوں کے لئے احرام کے علاوہ کے دنوں میں پہننے کے لئے بند جوتا اور جرابیں۔
بستر کی چادریں 2 عدد (بچھانے اور اوڑھنے کے لئے) ہر فرد کے لئے۔
ایک زائد چادر (بعض اوقات کمرے میں خواتین اور مردوں کے درمیان پردہ کے لئے باندھنی پڑتی ہے)۔
سردیوں کے دن ہوں تو ہلکا سا کمبل بھی رکھنے کی ضرورت ہو سکتی ہے یا وہاں سے خریدا جا سکتا ہے۔
نیل کٹر، چھوٹی قینچی اور چھوٹا چاقویہ دونوں چیزیں دستی سامان میں ہرگز نہ رکھیں بلکہ جہاز میں بُک کروائے جانے والے سامان (luggage) میں رکھیں۔
سیفٹی پنز (safety pins)، بالوں کی پنز (hair pins) اور بالوں کے لئے بینڈز (hair bands)۔
نظر کا چشمہ (دو عدد اگر ایک ٹوٹ جائے تو پریشانی اور فوری خرچہ نہ ہو)۔
نظر کے چشمے کے لئے ڈوری، دھوپ کا چشمہ۔
احرام کے علاوہ دنوں میں مردوں کے لئے سر پر ڈالنے کا رومال (جو دھوپ سے بچا سکے خصوصاً حلق کروانے کے بعد)۔
جوتوں کے لئے کپڑے کی تھیلی بنا لیں، جوتوں کی حفاظت کے ساتھ مخصوص رنگ یا پرنٹ نشانی کا کام بھی دے سکتا ہے (جوتا بغیر تھیلی یا لفافے کے ہاتھ میں پکڑنے اور اپنے یا کسی اور کے آگے خصوصاً نماز کے وقت رکھنے سے گریز کریں)۔
پلاسٹک کی پلیٹ، چمچہ اور گلاس (فی فرد)۔
پانی کی بوتل (حرم کے علاوہ جہاں بھی جانا ہو اپنے ساتھ ضرور رکھیں)۔
چھتری (صرف PIA سے سفر کرنے والوں کو چھتری ملتی ہے دیگر ایئر لائنز سے نہیں)۔
دستاویزات اور نقدی رکھنے کے لئے جسم سے باندھنے والی پیٹی مردوں کے لئے۔
کاغذات، نقدی رکھنے کے لئے گلے یا کندھے پر لٹکانے والا بیگ خواتین کے لئے۔
مردوں کا حجامت کا سامان۔
دانت صاف کرنے کا برش، مسواک (ٹوتھ پیسٹ ساتھ لے جانا منع ہے وہاں جا کر خریدیں)۔
کنگھی یا ہیئر برش، باریک کنگھی جوؤں کو صاف کرنے والی، شیشہ، سوئی دھاگہ، بٹن۔
دستی پنکھا۔
جائے نماز یا پلاسٹک کی چٹائی (حاجی کیمپ یا سعودیہ جا کر بھی خریدی جا سکتی ہے)۔
ڈوری یا رسی (سوٹ کیس یا بستر وغیرہ باندھنے کے لئے)۔
موٹا مارکر (سوٹ کیس، بیگ وغیرہ پر نام، پتہ اور معلم کا نام لکھنے کے لئے)۔
ٹوپی و تسبیح۔
ٹائلٹ پیپر اور ٹشو پیپر۔
سادہ صابن (بغیر خوشبو والا)۔
فالتو سامان کے لئے بڑا اور مضبوط شاپنگ بیگ۔
صفائی کے لئے رومال۔
نوٹ بُک، قلم اور خط و کتابت کے لئے سادہ لفافے (اگر ضرورت ہو)۔
حج کی معلومات سے متعلق کتب۔
دعاؤں کی کتب یا کارڈز (حج و عمرہ سے متعلق دعائیں، مسنون اور قرآنی دعائیں، صبح و شام کے مسنون اذکار)۔
دیگر ممالک کے زائرین کو دینے کے لئے چھوٹے چھوٹے تحفے کے طور پر پاکستانی سکے، خوبصورت مناظر پر مبنی کارڈز اور پاکستان کے متعلق معلوماتی بروشر وغیرہ بھی ساتھ لے جا سکتے ہیں۔
اپنے سامان کے تمام نگوں پر حاجی کیمپ سے سٹیکر لے کر چپکا لیں اور اس پر اپنا پورا نام و مکمل پتہ، گروپ نمبر، مکتب نمبر اور پرواز نمبر لکھ لیں۔ سٹیکر کو چپکانے کے لئے گوند کی ضرورت نہیں، پیچھے لگا ہوا کاغذ اتار کر چپکا لیں لیکن اگر کینوس کا بیگ ہے تو اس پر سے سٹیکر اتر جائے گا ایسے بیگ پر مارکر سے اپنے کوائف سٹیکر کے مطابق لکھ لیں۔

Share: