سوال: حجاج کرام عام طور پر کن بیماریوں سے متاثر ہو سکتے ہیں اور ان سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کیا ہیں؟
جواب: حجاج کرام عام طور پر جن بیماریوں سے متاثر ہو سکتے ہیں ان میں نزلہ، زکام، کھانسی، فلو، لو لگنا، ہیضہ، دست، پیٹ کا درد، قبض اور خارش شامل ہیں۔ ان تمام بیماریوں کے علاج کے لئے مفت سہولیات میسر ہوتی ہیں۔ لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ بہت سی احتیاطی تدابیر سے ان بیماریوں سے بچا بھی جا سکتا ہے:
۔ کھانا تازہ اور اچھا کھائیں، ہاتھ دھو کر کھائیں، برتنوں اور غذا کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ کھانا سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق اچھی طرح چبا کر آہستہ آہستہ کھانا چاہئے۔
۔ قبض نہ ہونے دیں، اسپغول کے چھلکے کا استعمال بھی رکھا جا سکتا ہے اور انناس کا استعمال بھی فائدہ مند رہتا ہے۔
۔ سلاد اور رائتہ استعمال نہ کریں اس سے پیٹ خراب ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
۔ زیادہ مرغن کھانے نہ کھائیں۔ دہی، دودھ، تازہ پھل اور کھجور بہترین غذا ہیں۔
۔ زیادہ ٹھنڈے پانی اور مشروبات کے استعمال سے پرہیز کریں۔
۔ پرہجوم مقامات پر اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپ کر رکھیں (البتہ حالت احرام میں منہ کو نہ ڈھانپیں)۔
۔ سخت گرم موسم میں رہائش گاہ یا حرم شریف میں داخل ہوتے ہی شدید ٹھنڈا پانی فوراً نہ پئیں بلکہ پہلے سادہ پانی پئیں (حرم میں سادہ پانی والے کولر پر ’’زم زم غیر مبرد‘‘ لکھا ہوتا ہے)۔
۔ اگر آپ کو زکام ہے تو پانی پینے کے بعد اپنا گلاس استعمال شدہ گلاسوں کی طرف رکھیں یا کوڑے کی ٹوکری میں ڈال دیں اور کسی دوسرے کا استعمال شدہ گلاس بھی استعمال نہ کریں احتیاطاً اوپر کے دو گلاس ہٹا کر اپنے لئے گلاس نکالیں۔
۔ گرم موسم میں ایک دم ایئر کنڈیشنڈ کمرے میں داخل ہونے اور ایئر کنڈیشنڈ کمرے سے یکدم باہر آنے سے پرہیز کریں۔
۔ نزلہ، زکام یا فلو کی ابتدائی علامتوں (چھینکیں، جسم میں درد، بخار، گلے میں خراش، ناک سے پانی اور سردی لگنے) کی صورت میں فوری طور پر قریبی مرکزِ صحت سے رجوع کریں۔
۔ قے اور دست کی صورت میں بھی فوراً مرکزِ صحت سے رجوع کریں، دستوں کی صورت میں پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ پینے کے لئے آب زم زم یا بازار سے خریدی ہوئی پانی کی بوتل استعمال کریں نلوں کا پانی استعمال نہ کریں، عام طور پر یہ بھاری ہوتا ہے اور اس کے استعمال سے معدے اور آنتوں کی بیماریوں کے لاحق ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے، نمکول کا استعمال کریں۔
۔ لو لگنے سے بچنے کے لئے بھی پانی زیادہ پئیں اور نمکول کا استعمال کریں، بلڈ پریشر کے مریض نمکول صرف ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کریں۔
۔ رہائش گاہ یا حرم شریف سے باہر نکلتے وقت پانی وافر مقدار میں پی لینا چاہئے۔
۔ پیدل یا بس میں سفر کرتے ہوئے پانی کی بوتل ضرور ساتھ رکھیں۔
۔ براہ راست دھوپ سے بچیں، دھوپ کا چشمہ لگا کر رکھیں۔ مرد اگر احرام کی حالت میں نہ ہوں تو سر اور گردن کو کپڑے سے ترجیحاً سوتی کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔
۔ زیادہ تھکاوٹ یا پٹھوں میں کھچاؤ اور درد کی صورت میں مرکزِ صحت سے رجوع کریں۔
۔ موسم خشک ہوتا ہے اور خشکی کی وجہ سے خارش ہوتی ہے اس لئے پٹرولیم جیلی (Veseline, Petroleum Jelly) یا کریم کا استعمال کریں، ویزلین میں خوشبو نہیں ہوتی اس لئے احرام کے دوران بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
۔ بیماری کی صورت میں پاکستانی مرکزِ صحت کا پتہ معلوم نہ ہو سکے تو قریب ہی موجود سعودی مرکزِ صحت میں بھی جا سکتے ہیں۔