سوال: دورانِ حج ذیابیطس کے مریض کا شوگر لیول کم ہونے کی کیا علامات ہیں اور اسے کیسے بحال کیا جا سکتا ہے؟
جواب: دورانِ حج چونکہ عام دنوں کے برعکس زیادہ چلنا پڑتا ہے اس لئے اگر کسی ذیابیطس کے مریض کا شوگر لیول کم ہو جائے تو اس کی علامات درج ذیل ہوں گی:
دل کی دھڑکن تیز ہو جائے گی، بھوک زیادہ لگے گی، پسینہ آئے گا، چکر آئیں گے جس کی وجہ سے اچانک سر درد، زبان یا ہونٹوں میں سوئیاں چبھنے کا احساس ہو گا، دھندلا دکھائی دینے لگے گا، توجہ مرکوز کرنے میں کمی ہو گی اور جھنجھلاہٹ محسوس ہو گی۔ اگر اس مرحلے پر توجہ نہ دی گئی تو ذیابیطس کے مریض کے رویے میں تبدیلی آ جائے گی، غصہ بڑھ جائے گا اور اگر یہاں بھی تدارک نہ کیا گیا تو اگلے مرحلے میں بےہوشی طاری ہو سکتی ہے جو تشویشناک صورتحال ہے۔ اگر ہائپو کی ابتدائی علامات شروع ہوں تو فوراً کوئی پھل لے لیں۔ شوگر چیک کریں اگر پھر بھی کم ہو تو روٹی کھا لیں یا مزید ایک پھل اور لے لیں لیکن شوگر 70 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم ہو تو ایک گلاس پانی میں دو چمچے چینی یا جوس کا ایک کپ لے لیں۔ اس کے علاوہ حج پر روانگی سے قبل اپنی جیب میں ذیابیطس کا مخصوص شناختی کارڈ ضرور رکھیں۔ اس پر تحریر ہوتا ہے: ’’میں ذیابیطس کا مریض ہوں اگر آپ مجھے غنودگی یا بے ہوشی کی حالت میں دیکھیں تو فوراً کوئی میٹھی شے چٹا کر قریبی طبی امدادی مرکز پر پہنچا دیں۔‘‘ اس کارڈ پر آپ کا پورا نام، معلم کا نام، معلم کا فون نمبر اور حج کے دوران رہائشی پتہ اور فون نمبر بھی تحریر ہوتا ہے اگر یہ لکھا ہوا نہ ہو تو آپ ازخود تحریر کر لیں۔