سوال: حج اور عمرہ میں کیا فرق ہے؟
جواب: حج و عمرہ میں درج ذیل امور کے لحاظ سے فرق ہے:
حج میں وقوف عرفات، طواف اور سعی ہے جبکہ عمرہ میں وقوف نہیں صرف طواف اور سعی ہے۔ طواف اور سعی کے مجموعہ کا نام عمرہ ہے البتہ احرام دونوں میں شرط ہے۔
حج کے لئے شرعًا وقت معین ہے اور عمرہ کے لئے کوئی معین وقت نہیں، جب چاہیں عمرہ ادا کر لیں سوائے یومِ عرفہ اور اس کے بعد کے چار دن۔ ان پانچ دنوں میں عمرہ کرنا منع ہے۔
حج صاحب استطاعت پر زندگی میں ایک دفعہ فرض ہے جبکہ عمرہ صاحب استطاعت جتنے چاہے ادا کر سکتا ہے۔
عمرہ کی لبیک یعنی تلبیہ طواف کی ابتداء کرتے ہی ختم ہو جاتی ہے اور حج کی تلبیہ کا وقت رمی جمرہ عقبہ کے وقت ختم ہوتا ہے۔
عمرہ میں کوئی گناہ ایسا نہیں کہ جس کے کفارے میں بدنہ یعنی اونٹ یا گائے کی قربانی دی جائے بخلاف حج کے۔ حج کی درجہ ذیل دو صورتوں میں بدنہ لازم آئے گا: وقوف عرفات کے بعد طواف زیارت سے پہلے جماع کرنا، طواف زیارت کو بحالت حیض و نفاس یا بحالت جنابت ادا کرنا۔
عمرہ میں طواف قدوم نہیں جبکہ حج میں طواف قدوم ہے۔