سوال : عمرہ کرنے کی فضیلت کیا ہے؟
جواب: عمرہ کرنے کی فضیلت درج ذیل احادیث مبارکہ سے ثابت ہے:
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’ایک عمرہ سے دوسرے عمرہ تک کا درمیانی عرصہ گناہوں کا کفارہ ہے اور حج کا بدلہ جنت کے سوا کچھ نہیں۔‘‘
بخاری، الصحیح، ابواب العمرة، باب وجوب العمرة وفضلها، 2: 629، رقم: 1683
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’حج اور عمرہ کرنے والے اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، وہ اس سے دعا کریں تو ان کی دعا قبول کرتا ہے اور اگر اس سے بخشش طلب کریں تو انہیں بخشش دیتا ہے۔‘‘
ابن ماجه، السنن، کتاب المناسک، باب فضل دعا الحاجّ، 3: 411، رقم: 2892
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
’’رمضان میں عمرہ کرنا حج کرنے کے برابر ہے۔‘‘
ابن ماجه، السنن، کتاب المناسک، باب العمرة فی رمضان، 3: 462، رقم: 2995