سوال: احادیثِ مبارکہ میں کن کن مقامات پر نماز پڑھنے کی فضیلت بیان ہوئی ہے؟

472
0
Share:

جواب: احادیثِ مبارکہ میں درج ذیل مقامات پر نماز پڑھنے کی فضیلت بیان ہوئی ہے:

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’جو شخص مسجد اقصیٰ اور میری مسجد میں نماز پڑھے اسے پچاس ہزار نمازوں کا اور جو مسجد حرام میں نماز پڑھے اسے ایک لاکھ نمازوں کا ثواب ملتا ہے۔‘‘

ابن ماجه، السنن، کتاب اقامة الصلوٰة والسنة فیها، باب ماجاء فی الصلوٰة فی المسجد الجامع، 2: 191، رقم: 1413

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: میں چاہتی تھی کہ خانہ کعبہ میں داخل ہو کر نماز پڑھوں پس حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے حطیم میں داخل کیا اور فرمایا: حطیم میں نماز پڑھو اگر تم بیت اللہ میں داخل ہونا چاہتی ہو تو یہ بھی اس کا ایک حصہ ہے لیکن تمہاری قوم نے کعبہ بناتے وقت اسے چھوڑ دیا اور اسے کعبہ سے باہر کر دیا۔

ترمذی، الجامع الصحیح، کتاب الحج، باب ماجاء فی الصلوة فی الحجر، 3: 225، رقم: 876

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے سنا:

’’جس شخص نے بیت اللہ کا طواف کیا اور دو رکعت نماز ادا کی، گویا اس نے ایک غلام آزاد کیا۔‘‘

ابن ماجه، السنن، کتاب المناسک، باب فضل الطواف، 3: 444، رقم: 2956

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’میری اس مسجد (مسجدِ نبوی) میں ایک نماز دوسری مساجد کی ہزار نمازوں سے افضل ہے سوائے مسجدِ حرام کے۔‘‘

بخاری، الصحیح، کتاب التطوع، باب فضل الصلاة فی مسجد مکة والمدینة، 1: 398، رقم: 1133

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’جس نے مسجدِ نبوی میں چالیس نمازیں متواتر ادا کیں، اس کے لئے جہنم، عذاب اور نفاق سے نجات لکھ دی جاتی ہے۔‘‘

احمد بن حنبل، مسند، 3: 155، رقم: 1260

وَعَنْ أُسَیْدِ بن ظهَیْر الأنصاري رضی الله عنه عنِ النبي صلی الله علیه وآله وسلم قَالَ: صَـلَاةٌ فِي مَسْجِدِ قُبَاء کَعُمْرَةٍ.

’’حضرت اسید بن ظہیر انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مسجد قباء میں نماز پڑھنے کا ثواب عمرہ کرنے کے ثواب کے برابر ہے۔‘‘

ابن ماجه، السنن، کتاب اقامة الصلوة والسنة، فیها باب ماجاء في الصلاة فی مسجد قباء، 2: 189، رقم: 1411

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رات کے آخری حصہ میں ذوالحلیفہ پہنچے آپ سے کہا گیا کہ آپ بطحاء مبارکہ (برکت والی جگہ) میں ہیں۔

مسلم، الصحیح، کتاب الحج، باب التعریس بذی الحلیفه، والصلاة بها…، 2: 981، رقم: 1346

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ذوالحلیفہ کی کنکریلی (پتھریلی) زمین میں اپنا اونٹ بٹھایا اور وہاں نماز پڑھی نافع کہتے ہیں کہ حضرت ابن عمر بھی ایسا ہی کرتے تھے۔

Share: