مستعمل پانی سے حصولِ برکت
حضرت ابو موسیٰ صروایت کرتے ہیں کہ میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھا جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جعرانہ میں تشریف لائے، جو کہ مکہ اور مدینہ کے درمیان ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ حضرت بلال رضی اللہ عنہ بھی تھے۔ ایک اعرابی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا اور بولا : اے محمد ! آپ نے مجھ سے کیا ہوا وعدہ پورا نہیں کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے فرمایا : ’’خوش ہو جاؤ۔‘‘ اس نے کہا : آپ نے مجھ سے بہت دفعہ کہا ہے : ’’خوش ہوجاؤ۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جلال کی حالت میں حضرت ابو موسیٰ اور حضرت بلال رضی اﷲ عنہما کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا : اس شخص نے میری بشارت کو رد کیا، اب تم دونوں میری بشارت قبول کرو۔ دونوں نے عرض کیا : یا رسول اللہ! ہم نے (خوشخبری) قبول کی۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پانی کا ایک پیالہ منگوایا اور اس میں اپنے دونوں ہاتھ اور چہرہ انور دھوئے اور اس میں کلی کی، پھرفرمایا :
إشربا منه، و أفرغا علیٰ وجوهکما و نحورکما، و أبشرا. فأخذا القدح ففعلا ما أمرهما به رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم ، فنادتهما أم سلمة رضي اﷲ عنها من وراء الستر : أفضِلا لأمکما مما فی إنائکما، فأفضلا لها منه طائفة.
مسلم، الصحيح، 4 : 1943، کتاب فضائل الصحابة، رقم : 2497
بخاري، الصحيح، 4 : 1573، کتاب المغازی، رقم : 4073
هندی، کنز العمال، 13 : 608، 609، رقم : 37556
عسقلانی، تغليق التعليق، 2 : 128
فاکهی، أخبار مکه، 5 : 64، رقم : 2845
ابويعلی، المسند، 13، 301، رقم : 7314
ابن حبان، الصحيح، 2 : 318، رقم : 558
ذهبی، سير أعلام النبلاء، 2 : 385
شوکانی، نیل الاوطار، 1 : 24
’’تم دونوں اس کو پی لو اور اپنے چہرے اور سینے پر مل لو اور خوش ہو جاؤ۔ ان دونوں نے پیالہ لیا اور ایسے ہی کیا جیسے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں فرمایا تھا۔ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہ نے ان کو پردے کے پیچھے سے آواز دی : اس برتن میں جو بچا ہوا پانی ہے وہ اپنی ماں کے لئے بھی لاؤ پھر وہ اس میں سے کچھ پانی ام المومنین حضرت ام سلمہ رضی اﷲ عنہا کے لئے بھی لے گئے۔‘‘